دیکھنا اعصاب وہ اک شخص شل کر جائے گا
جو یہاں آیا ہے آخر ہاتھ مل کر جائے گا
شک ذرا بھی اس کی دانائی پہ کرنا بے محل
مسئلہ ہو جس قدر گھمبیر حل کر جائے گا
تب حقیقت مان کے اس کی طرف دوڑوں گا، جب
وہ رسائی کی حدوں سے بھی نکل کر جائے گا
آئے گا زہنوں میں ایسے جس طرح کوئی بہار
وہ سراپا حسن ہے شعروں میں ڈھل کر جائے گا
آستانِ حسن پر لاؤ مریضِ عشق کو
کھاٹ پر آئے گا یہ، قدموں پہ چل کر جائے گا
ہم نے وہ پودا لگایا ہے وفا کے باغ میں
لوگ دیکھیں گے کہ یہ اک روز پھل کر جائے گا
اب کھلا (جا کر گلی میں) زخم بٹتے ہیں رشیدؔ
جو بھی اس کوچے میں اب جائے، سنبھل کر جائے گا