یہ کبھی کا سفر یہ ابھی کا سفر
ختم ہوتا نہیں زندگی کا سفر
جانتے ہیں یہ عاشق ہی اِس بات کو
کس قدر سخت ہے عاشقی کا سفر
جگمگائے گا جیون ضرور ایک روز
کر رہا ہوں میں طے روشنی کا سفر
راستے میں رقیبوں کی ہیں سازشیں
کٹ رہا ہے یونہی دوستی کا سفر
یار یاری میں ہم بھی کچھ ایسے رہیں
جیسے ہے چاند اور چاندنی کا سفر
مدّتوں میں تری جستجو میں رہا
اب ہوا ہے عیاں آگہی کا سفر
جیسے جیسے مرا قرب بڑھتا رہا
اور روشن ہوا روشنی کا سفر
پیار سہگل ادھورا ہی رہ جائے گا
راس آتا نہیں دل لگی کا سفر