کرکٹ کا ڈھانچہ درست کرلیں تو پاکستان ناقابل شکست ہوجائیگا: عمران خان

اسلام آباد+لاہور(وقائع نگار خصوصی+سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ کے نشریاتی حقوق کے معاہدے پر دستخط اہم پیش رفت ہے اور نشریاتی حقوق کے معاہدے سے کرکٹ کو فروغ ملے گا، جتنا ٹیلنٹ پاکستان میں ہے دنیا میں کہیں نہیں، میرا خواب ہے آئندہ ورلڈ کپ میں پاکستان کا ٹیلنٹ نظر آئے، کرکٹ کا ڈھانچہ تبدیل کیا تو کوئی ہمیں شکست نہیں دے سکتا۔ اسلام آباد میں ڈومیسٹک کرکٹ کے نشریاتی حقوق کے معاہدوں کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی اور پاکستان ٹیلی ویژن کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت مثبت عمل ہے،کرکٹ کی ترقی ہوگی اور پی ٹی وی کی ساری کوریج اور کوالٹی کو اوپر اٹھائیگا جبکہ کھیلوں خاص طور پر کرکٹ سے پیار کرنے والے عوام کیلئے بھی ضروری ہے کہ پی ٹی وی کوریج میں برتری حاصل کرے۔ میں نے جتنی بھی کرکٹ کھیلی اس سے سمجھا کہ پاکستان میں جتنا ٹیلنٹ ہے وہ کسی اور ملک میں نہیں، ہمارا ٹیلنٹ ایک نظام نہ ہونے کے باوجود نکلتا تھا۔ نظام نہ ہونے کی وجہ سے کرکٹ کا ٹیلنٹ اوپر نہیں آپاتا تھا، ہمارے ملک میں اس طرح کے کھلاڑی ٹیسٹ کرکٹر ہیں جو دنیا میں کبھی بھی کلب سے ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلے، جو اس کی نشاندہی کرتا تھا کہ ملک میں ٹیلنٹ ہے۔ ہمیشہ کہتا تھا کہ اگر ہم اپنا کرکٹ کا ڈھانچہ درست کرلیں تو پاکستان ناقابل شکست ہوجائیگا۔ بدقسمتی سے کچھ لوگ اپنے مفادات کیلئے اس نظام کو تبدیل نہیں ہونے دیتے تھے، پاکستان کا کرکٹ کا نظام دیگر ممالک سے بالکل مختلف تھا۔ دنیا میں ایسا نظام ہے کہ جتنا اچھا مقابلہ ہوتا ہے اتنے اچھے کھلاڑی نکلتے ہیں، جس ملک میں سسٹم دو چیزیں ایک مقابلے کو بڑھائے اور میرٹ کو اوپر لے آئے وہ ہمیشہ ترقی کریگا۔ آسٹریلیا دنیائے کرکٹ کی سب سے کامیاب ٹیم ہے جس کی وجہ ان کا نظام ہے، دنیا میں سب سے بہترین کرکٹ کا نظام آسٹریلیا میں ہے جو سب سے بہتر کرکٹ کو پالش کرتی ہے اور لوگ اوپر آتے ہیں۔ ہمارے یہاں ٹیلنٹ تو نظر آجاتا ہے لیکن پالش کرنے کے نظام میں مسئلہ ہے جسے ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔ میں 40سال سے لگا ہوا تھا اور فیصلہ کیا تھا کہ جب مجھے اختیار ملا تو یہ نظام تبدیل کروں گا، ابھی جو ہم نظام لائے ہیں۔ مصباح الحق، محمد حفیظ اور اظہر علی کو سمجھایا اور بتایا کہ جب بھی اصلاحات ہوتی ہیں تو تھوڑے مسائل آتے ہیں۔ اب جو ڈومیسٹک کرکٹ کا نظام آیا ہے اس میں آپ دیکھیں گے کہ جب پاکستان کا ٹیلنٹ پالش ہوگا تو پاکستان کی ٹیم دنیا کی بہترین ٹیم بنے گی۔ ایک وقت میں بھارت میں پی ٹی وی کے ڈرامے دیکھے جاتے تھے اور پورے علاقے میں برتری رکھتا تھا۔ تاہم وقت کے ساتھ آگے نہ بڑھنے کی وجہسے ہمارا پی ٹی وی پیچھے رہ گیا، جس کی بہت سی وجوہات ہیں، تاہم پی ٹی کو اس قدم پر واپس لانے کیلئے یہ پہلا قدم ہے اور آج کے معاہدوں سے جو پی ٹی وی کے پاس آمدنی آئیگی اس سے پی ٹی وی اپنے نظام میں بہتری کریگا۔ٹی وی لائسنس فیس بڑھانے کا معاملہ کابینہ میں آیا تھا تاہم ہم پی ٹی وی کے بزنس پلان کا انتظار کر رہے ہیں کہ اگر ہم فیس بڑھائیں گے تو کیا آپ اس کی وجہ سے لوگوں کو بہتر مواد دیں گے۔ پی ٹی میں سفارشی اور ضرورت سے زیادہ بھرتیاں ہوئی وی ہیں اور لوگ چاہتے ہیں کہ اس کی فیس تب دی جائے جب انہیں معیاری مواد ملے اور وہ نجی چینلز سے مقابلہ کرے۔ ملک کے کیبل نیٹ ورک کو بھی ڈیجیٹلائزیشن کی طرف جانے کی ضرورت ہے کیونکہ جتنی اچھی سکرین نظر آئے گی لوگ اس سے اتنا ہی لطف اندوز ہوں گے۔ملاقات میں سابق کرکٹرز  نے محکمانہ کرکٹ کی بحالی کا مطالبہ کیاجسے وزیر اعظم نے مسترد کردیا ۔ انہوںنے کہا کہ ریجنل کرکٹ سے بہترین ڈومیسٹک سٹرکچر ہے ۔ پرانا سسٹم ختم ہونے سے مشکلات کا اندازہ ہے۔


 

WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

81