امارات کی معاشی جائزہ ٹیم کی پاکستان آمد، وزیراعظم سے ملاقات

image

پاک يو اے ای قيادت کے فيصلوں پر عملدرآمد کيلئے متحدہ عرب امارات کی معاشی جائزہ ٹيم پاکستان پہنچ گئی، اماراتی ماہرین نے وزيراعظم شہباز شريف سے ملاقات کی، فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہميت ديتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے عید الفطر کا دن بھی مصروفیات میں گزارا، متحدہ عرب امارات کی معاشی جائزہ ٹيم نے ملاقات کی، جس میں تجارت، توانائی، انفراسٹرکچر، پیٹرولیم سمیت اہم شعبوں میں تعاون جبکہ فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا ملاقات میں کہنا تھا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہميت ديتا ہے، اقتصادی محاذ پر دو طرفہ تعلقات کو مزيد مضبوط کرنا چاہتے ہيں۔

شہباز شریف نے عید کی تعطیلات میں پاکستان آمد پر متحدہ عرب امارات کے وفد کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان یو اے ای کے برادرانہ طرزعمل کا تہہ دل سے خیرمقدم کرتا ہے، پاکستان سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کو خوش آمدید کہتا ہے۔

وزیراعظم کا ٹوئٹر پیغام

وزیراعظم شہبازشریف نے ٹوئٹر پر جاری عید الفطر سے متعلق اپنے پیغام میں تمام پاکستانیوں اور عالم اسلام کو عید کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج گلہ کرنے کا نہیں، گلے ملنے کا دن ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ عید ایک خاص دن سے بڑھ کر بے مثال اتحاد و یگانگت کا موقع ہے، قوم کے یک قالب ہونے اور مل کر مسکرانے کا دن ہے۔

ولی عہد ابوظہبی سے ٹیلی فون پر رابطہ

وزیراعظم شہباز شریف نے ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النیہان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور انہیں عید کی مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ دورۂ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون میں اضافے کیلئے مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کا معاشی وفد بھجوانے پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔

مولانا فضل الرحمان کو ٹیلی فون

وزیراعظم شہباز شریف نے سربراہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ مولانا فضل الرحمان اور وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود کو ٹیلی فون کیا اور انہیں عید الفطر پر مبارکباد پیش کی۔

ترجمان جے یو آئی ف کے مطابق وزیراعظم اور فضل الرحمان کے درمیان گفتگو میں ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی، شہباز شریف نے دورۂ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پر بھی مولانا فضل الرحمان کو اعتماد میں لیا، دونوں رہنماؤں نے مل کر ملک اور قوم کی ترقی کیلئے کام کرنے کے عزم کو دوہرایا۔

ریٹائرڈ اور حاضر سروس افسران سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں ریٹائرڈ اور حاضر سروس سول و انتظامی افسران سے ملاقات کی، انہیں عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قابل افسران کو ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔

شہبازشریف نے کہا کہ میٹرو، اورنج لائن اور دیگر میگا پراجیکٹس آپ کی محنت کا ثمر ہیں، کپتان اپنی ٹیم کے بغیر کچھ نہیں کرسکتا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ احتساب اور شفافیت کی آڑ میں افسران کو ہراساں کیا گیا، احتساب و شفافیت کے قوانین پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت ہوگی۔


News Source   News Source Text

WATCH LIVE NEWS

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.