Add Poetry

آسیب زدہ ہو گئے حالاتِ کراچی

Poet: Aisha Baig Aashi By: Aisha Baig Aashi, karachi

آسیب زدہ ہو گئے حالاتِ کراچی
کم ہونے پہ آتے نہیں صدماتِ کراچی

ماتم کی صدائیں ہیں ہواؤں کے لبوں پر
گُم ہو گئے جانے کہاں نغماتِ کراچی

دہشت زدہ ہر دن ہے تو پُر خوف ہر اک شب
پُر درد ہیں، پُر کرب ہیں اوقاتِ کراچی

ارکان کی گنتی کو بڑھانے کی ہوَس میں
بڑھائے چلے جاتے ہیں امواتِ کراچی

ہو گلشنِ اقبال، کلفٹن کہ لیاری
عبرت کا نمونہ ہیں مقاماتِ کراچی

کیڑوں کی طرح مار دیا جاتا ہے انسان
ہو وسطِ کراچی، کہ مضافاتِ کراچی

خونیں نہ کرو قائدِ اعظم کے کفن کو
یُوں مقتدرو بُھولو نہ خدماتِ کراچی

ماں کی طرح اس نے تمہیں سینے سے لگایا
مسلک زدو ! سمجھو تو روایاتِ کراچی

دیتا ہے دہائی تجھے خونابہ ء عاشی
مقبول کر اللہ مناجاتِ کراچی

Rate it:
Views: 265
13 Mar, 2013
Related Tags on General Poetry
Load More Tags
More General Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets