حرف شکوہ نہ لب پہ لاؤ تم
Poet: آتش بہاولپوری By: Laiba Junaid, Sialkotحرف شکوہ نہ لب پہ لاؤ تم
زخم کھا کر بھی مسکراؤ تم
اپنے حق کے لیے لڑو بے شک
دوسروں کا نہ حق دباؤ تم
سب اسے دل لگی سمجھتے ہیں
اب کسی سے نہ دل لگاؤ تم
مصلحت کا یہی تقاضا ہے
وہ نہ مانیں تو مان جاؤ تم
اپنا سایہ بھی اب نہیں اپنا
اپنے سائے سے خوف کھاؤ تم
موت منڈلا رہی ہے شہروں پر
جا کے صحرا میں گھر بناؤ تم
دوستوں کو تو خوب دیکھ چکے
دشمنوں کو بھی آزماؤ تم
راستی پہ مدار ہو جس کا
اب نہ وہ بات لب پہ لاؤ تم
جو بھلا مانگتے تھے سر بت کا
ان بزرگوں کو پھر بلاؤ تم
More Sad Poetry






