Add Poetry

دیکھ تو کتنی عجب ہے چاندنی

Poet: Tauqir Reza By: Tauqir Reza, Paris

دیکھ تو کتنی عجب ہے چاندنی
آج کیسی بے طرب ہے چاندنی

کچھ نہیں ،کچھ بھی نہیں ترے لئے
اور میرا سب کا سب ہے چاندنی

اس کے چہرے کی چمک کو دیکھ کر
آسماں پہ جاں بہ لب ہے چاندنی

آسماں کے راستوں سے لوٹ آ
اپنے آنگن میں بھی اب ہے چاندنی

آج تو جو آ گیا ہے لوٹ کر
آج اپنے گھر میں تب ہے چاندنی

اک ہنسی ،بس ایک پھیکی سی ہنسی
جس کا ادنا سا لقب ہے چاندنی

سو رہو تم ،کیا تمہیں کہ اپنے گھر
کب نہیں ہے،اور کب ہے چاندنی

تجھ کو ہی زیبا ہے کہنا چاند بھی
کہ تیرا نام و نسب ہے چاندنی

ہے مسبب وصل کے اسباب کی
فرقتوں کا بھی سبب ہے چاندنی

میں بھلا کیا جانتا ہوں چاند کو؟
مجھ کو تو تیرا ادب ہے چاندنی

کہہ رہی ہے تو بھی چاہے ہے مجھے
دیکھ تو کتنی عجب ہے چاندنی

عشق کی تخلیق کرتی ہے رضا
جذبہ الفت کی رب ہے چاندنی

Rate it:
Views: 385
03 Apr, 2013
Related Tags on General Poetry
Load More Tags
More General Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets