ذرا لب ہلا دے اگر تو ہے زندہ
کوئی تو صدا دے اگر تو ہے زندہ
مکاں کس کا ہو گا زمیں کس کی ہو گی
یہ جھگڑا مِٹا دے اگر تو ہے زندہ
سب احباب بھوکے ہی بیٹھے ہوئے ہیں
کچھ ان کو کِھلا دے اگر تو ہے زندہ
کفن کالے صندوق میں ہی پڑا ہے
خود اٹھ کے بتا دے اگر تو ہے زندہ
تری سانس تھمنے کے سب منتظر ہیں
گلا خود دبا دے اگر تو ہے زندہ
خدا کے سوا تیرا کوئی نہیں ہے
منادی کرا دے اگر تو ہے زندہ
خدا تجھ کو اب موت دے دے مکمل
یہی اِک دعا دے اگر تو ہے زندہ