Add Poetry

شور سے پاک شب و روز گزارے گھر میں

Poet: یونس تحسین By: Zaid, Sialkot

شور سے پاک شب و روز گزارے گھر میں
ہم کہ ترسے ہی رہے کوئی پکارے گھر میں

ہم یتیموں کو کہاں آتے تھے نخرے کرنے
یعنی جھگڑا نہیں ہوتا تھا ہمارے گھر میں

ہم تو بس ایک ہی کونے میں پڑے رہتے تھے
اور محرومی رہا کرتی تھی سارے گھر میں

آیتیں کان میں پڑتی تھیں سحر ہونے پر
ہم تو رہتے تھے جہاں بھر سے نیارے گھر میں

ایک ممتا تھی جسے ہم نے خدا سمجھا تھا
جب وہ ہنستی تھی اترتے تھے ستارے گھر میں

ایک حسرت کہ میں حقے کی چلم بھر کر دوں
ایک خواہش کہ مرا باپ کھنکارے گھر میں

چار دیواری تھی غربت بھی تھی یعنی تحسینؔ
ایک دیوار زیادہ تھی ہمارے گھر میں

Rate it:
Views: 448
17 Aug, 2021
Related Tags on Sad Poetry
Load More Tags
More Sad Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets