عطائے درد کے منصب پہ برقرار ہیں ہم
Poet: Aisha Baig Aashi By: Aisha Baig Aashi, karachiعطائے درد کے منصب پہ برقرار ہیں ہم
تلاشِ لمحہ تکمیلِ اختیار ہیں ہم
مداوا ہونے میں تاخیر ایک مجبوری
مگر یہ لگتا ہے کیونکر گناہ گار ہیں ہم
ہم آئینہءتمنا کے سامنے بے بس
جھکائے آنکھیں کھڑے ہیں کہ شرمسار ہیں ہم
یہ سرخ راہ گواہی ہے درد چھالوں کی
کہ پا بہ خار سفر میں ہیں بے قرار ہیں ہم
شریکِ کرب و محَن ہم، شریکِ رنج و خلش
شریکِ ساعتِ خوش کُن، ہم انتظار ہیں ہم
جو ایک بار ہی کٹ جائیں درد بھی کم ہو
جو بارہا چلے جاں پر وہ کُند دھار ہیں ہم
جو حالِ شہرِ دروں ہے نہ کوئی بھی دیکھے
سبھی کہیں ہُوا کیا، کیسے سوگوار ہیں ہم
اسی یقیں نے تو عاشی ہمیں رکھا زندہ
جو درد جھیلے ہے ہمراہ, اُس کا پیار ہیں ہم
More General Poetry






