اُسی کے نام کی تسبیح آج رات کرو
دیارِ غير میں یارو وطن کی بات کرو
اے نو نہالِ وطن! تم پہ سب کی نظریں ہیں
مری دعا ہے کہ تسخیرِ کائنات کرو
تری لغت میں یہ "ناممکنات" مٹ جائے
تَو ممکنات کی دنیا میں معجزات کرو
یہی زمین ہے تحقیق کے لیے موزوں
اِسی زمین میں نِت تازہ تجربات کرو
خدا کو ماننے والوں کا پہلا کلمہ ہے
خدا کی خلق سے بہتر معاملات کرو
مرے خدایا اِسی لا اِلہ کی برکت سے
ہمارے ملک کی آسان مشکلات کرو