میرے بھی غم چھلک جاتے ہیں میرے مسکرانے میں
Poet: Dr.Zahid Sheikh By: Dr.Zahid Sheikh, Lahore Pakistanوفا کی آج بھی پہلی سی قسمت ہے زمانے میں
کسی نے اج تک کچھ بھی نہ پایا دل لگانے میں
پھر اس کے بعد تم آباد ہو اور نہ ہوں میں آباد
بہت روکا تھا میں نے پر تمھیں جلدی تھی جانے میں
تمھاری مسکراہٹ میں بھی ہوتی ہے بہت تلخی
مرے بھی غم چھلک جاتے ہیں میرے مسکرانے میں
تمھارے بن گزاری ہے جوانی میں نے افسرادہ
رہیں مجبوریاں حائل تمھیں اپنا بنانے میں
نجانے ٹوٹتی سانسوں کی مہلت رہ گئی کتنی
نجانے دیر ہے کتنی تمھیں اے دوست آنے میں
مراسم نہ رہے پہلے سے ، نہ پہلی سی الفت ہے
ملا ہے کیا ہمیں اک دوسرے کو آزمانے میں
نصیبوں کی ہیں باتیں کوئی اپنی موت تک رویا
کسی نے زندگی کر لی بسر ہنسنے ہنسانے میں
ہم اپنے فن کی کرتے آبیاری کس طرح زاہد
رہے مصروف ساری عمر تو روزی کمانے میں
More General Poetry






