کس کا دل تھا کہ بھٹک جائے، یہاں تک آئے
ایک ترغیب کے بہکائے یہاں تک آئے
اک بلاوا تھا مقیموں کو مسافر کرتا
ایک آواز کے اکسائے یہاں تک آئے
خواب شاداب کھلا آنکھ میں اک آنچل کا
جس سے لپٹے، جسے لپٹائے یہاں تک آئے
لمس نایافتہ تخلیق کرے اک خوشبو
اور وہ خوشبو کسی پیرائے یہاں تک آئے
سرخ بلور کے کنگن سے کلائی کی جھلک
وقت کی نبض کو ٹھہرائے، یہاں تک آئے
وہ نہیں، ان کی محبت تو پہنچتی ہے یہاں
پیڑ اس پار سہی، سائے یہاں تک آئے