اب مرا نام بھی آۓ تو بگڑ جاتا ہے
اتنا خائف ہے کہ خود سے بھی وہ لڑ جاتا ہے
اب بھلا کیسے منانے اسے جاؤں گا میں
کس کی سنتا ہے بھلا ضد پہ جب اڑ جاتا ہے
تجھ کو معلوم کہاں ہے کہ وہ مہتاب سخن
چھوڑ جاۓ تو مرا شہر اجڑ جاتا ہے
اس کو بتلاؤ کہ ہم اس کے بنا ہیں ایسے
جیسے کہ شاخ سے پتہ کوئ جھڑ جاتا ہے
ایسا جادو سا کیا ہے کوئ دل پر اس نے
جب اسے دیکھ لے دل سوچ میں پڑ جاتا ہے
سوچتا ہوں کہ بڑا ہو کے بنے گا کیا وہ
جو کہ بچپن سے ہی ہر بات پہ اڑ جاتا ہے
ایک دن اس کو بھی تڑپاۓ گی یوں میری کمی
جیسے پانی کے بنا پھول سکڑ جاتا ہے
تو نے مالک مری قسمت میں یہ کیوں عیب لکھا
مجھ کو جو شخص بھی بھاتا ہے بچھڑ جاتا ہے
اس کو مجھ سے تو محبت بھی نہیں ہے باقرؔ
کیوں مرے نام پہ ہر شخص سے لڑ جاتا ہے