اپنی ہر بات زمانے سے چھپانی پڑی تھی
پھر بھی جس آنکھ میں دیکھا تو کہانی پڑی تھی
میں نے کچھ رنگ چرائے تھے کسی تتلی کے
اور پھر عمر حفاظت میں بتانی پڑی تھی
کل کسی عشق کے بیمار پہ دم کرنا تھا
پیر_کامل کو غزل میری سنانی پڑی تھی
کوچۂ عشق سے ناکام پلٹنے والے
تو نے دیکھا تھا وہاں میری جوانی پڑی تھی
دل نہ سہہ پایا کسی اور سے قربت اسکی
مجھ کو دیوار سے تصویر ہٹانی پڑی تھی
میں بہت جلد بڑھاپے میں چلا آیا تھا
بن ترے عمر کی رفتار بڑھانی پڑی تھی