Add Poetry

بيٹے کو بڈھے بلوچ کي نصيحت

Poet: Allama Iqbal By: Shahzad Shameem, Abbottabad

ہو تيرے بياباں کی ہوا تجھ کو گوارا
اس دشت سے بہتر ہے نہ دلی نہ بخارا

جس سمت ميں چاہے صفت سيل رواں چل
وادی يہ ہماری ہے، وہ صحرا بھی ہمارا

غيرت ہے بڑی چيز جہان تگ و دو ميں
پہناتی ہے درويش کو تاج سر دارا

حاصل کسی کامل سے يہ پوشيدہ ہنر کر
کہتے ہيں کہ شيشے کو بنا سکتے ہيں خارا

افراد کے ہاتھوں ميں ہے اقوام کی تقدير
ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارا

محروم رہا دولت دريا سے وہ غواص
کرتا نہيں جو صحبت ساحل سے کنارا

ديں ہاتھ سے دے کر اگر آزاد ہو ملت
ہے ايسی تجارت ميں مسلماں کا خسارا

دنيا کو ہے پھر معرکہ روح و بدن پيش
تہذيب نے پھر اپنے درندوں کو ابھارا

اللہ کو پامردی مومن پہ بھروسا
ابليس کو يورپ کی مشينوں کا سہارا

تقدير امم کيا ہے، کوئی کہہ نہيں سکتا
مومن کی فراست ہو تو کافی ہے اشارا

اخلاص عمل مانگ نيا گان کہن سے
شاہاں چہ عجب گر بنوازند گدارا

Rate it:
Views: 965
09 Apr, 2009
Related Tags on General Poetry
Load More Tags
More General Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets