Add Poetry

حال برباد جو ہوا ترے بعد

Poet: جنید عطاری By: جنید عطاری, چکوال

حال برباد جو ہوا ترے بعد
اپنے ہاتھوں کیا گیا ترے بعد

خشک و تر کی تمام خلقت سے
واسطہ ہی نہیں رکھا ترے بعد

عجب اک کشمکش رہی اندر
جیسے خُود سے بچھڑ گیا ترے بعد

کس کے حق میں زباں چلاتا پھر
کوئی خوش تھا کوئی خفا ترے بعد

تیرا ہونا بھی تھا عذاب مگر
رہے خود سے گریزپا ترے بعد

حوصلہ ہی کہاں ہے سُننے کا
کون کس سے تھا باوفا ترے بعد

دوزخِ دشتِ زندگانی میں
اِک قدم بھی نہیں چلا ترے بعد

ایسی بے ذوق تھی جدائی بھی
خُوں نہ رویا، نہ پھر ہنسا ترے بعد

جانے والے تُو جا، پہ لب دے جا
خود سے کرتا رہوں گِلہ ترے بعد

تھی وہ بے طور سرگزشتِ غم
سننے والا نہیں ملا ترے بعد

ہر بلا مجھ سے ٹل گئی میری
وہم تیرا نہیں ٹلا ترے بعد

اِک خطا ہو گئی تھی کاتب سے
ذکر تیرا مٹا دیا ترے بعد

اب کہاں وہ قفس، کہاں صیّاد
سب کو آزاد کر چکا ترے بعد

گر بچھڑنے کا غم نہیں ہوتا
کوئی ہوتا نہ دوسرا ترے بعد

دونوں عالم کی خاک چھانی تھی
تُو کہیں بھی نہیں ملا ترے بعد

عادتِ ترکِ مدّعا تھی وہی
پر کوئی مدعا نہ تھا ترے بعد

جس سے روشن ہے آسمانِ اُمید
بجھتا جاتا ہے وہ دِیا ترے بعد

آرزوئیں بھی ساتھ چھوڑ گئیں
دل ہی ویران ہو گیا ترے بعد

جیسے تیسے تجھے بُھلانا تھا
سو پیا میں الا بلا ترے بعد

تیرے غم کو لگائے سینے سے
کوئی اک تھا نہ جی سکا ترے بعد

Rate it:
Views: 398
05 Aug, 2014
Related Tags on Sad Poetry
Load More Tags
More Sad Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets