اوپر سے آیا ہے فرمان
ٹاکنگ چھوڑ کے پسٹل تان
کیسا مذہب کیا ایمان
اپنے بھائی کی لے لو جان
اپنی قوت اپنی جان
آگ بنا ہے پاکستان
ایسا کھیل دکھایا ہے
الو سب کو بنایا ہے
حاکم بن کر آیا ہے
میرے دیس میں وہ مہمان
اپنی قوت اپنی جان
آگ بنا ہے پاکستان
زخمی مسلم کا سر ہے
کتنا پیارا منظر ہے
گلچین کا یہ آرڈر ہے
گلشن کو کر دو ویران
اپنی قوت اپنی جان
اپنی جان آگ بنا ہے پاکستان
اس کا ستارہ مایل اوج
یوں دشمن کی ہو گئی موج
اپنی پبلک اپنی فوج
اپنے بارود اپنے جوان
اپنی قوت اپنی جان
آگ بنا ہے پاکستان
اپنے گھر پر قابض غیر
اپنے پیاروں سے بیر
اپنی کلھاڑی اپنا پیر
اپنا نشتر اپنی ران
اپنی قوت اپنی جان
آگ بنا ہے پاکستان
آتش ہے ہریالی میں
گلشن کی پامالی میں
غیروں کی دلالی میں
اپنا زیاں اپنا نقصان
اپنی قوت اپنی جان
آگ بنا ہے پاکستان
سر اس در پر دھرتا جا
اپنی جیب کو بھرتا جا
ڈالر ڈالر کرتا جا
روپیہ پیسہ دین ایمان
اپنی قوت اپنی جان
آگ بنا ہے پاکستان