ہر ایک حَسیں چہرے کی چاہت نہیں کرتا
میں جھوٹ کی دنیا سے محبت نہیں کرتا
بس ایک ہی انسان کو چاہا ہے جہاں میں
میں روز محبت کی تجارت نہیں کرتا
دشمن بھی اسی شخص کی دیتے ہیں گواہی
جو شخص امانت میں خیانت نہیں کرتا
لڑتا ہوں میں سچ بولنے والوں کی طرف سے
میں جھوٹ کے مالک کی وکالت نہیں کرتا
چاہے مجھے دیتا رہے گالی یہ زمانہ
پامال کسی کی بھی میں عِزت نہیں کرتا
دو وقت کی روٹی ہی کما لے تو بہت ہے
مزدور اکٹھی کبھی دولت نہیں کرتا
غصہ ہو تو ہر بات ہی کہہ دیتا ہوں مُنہہ پر
باقر میں کسی شخص کی غیبت نہیں کرتا