Add Poetry

غزل

Poet: شمشاد شاد By: [email protected], Nagpur India

(1)
سازش غم و آلام کی ناکام ہو کچھ تو
وہ کام کرو جس سے خوشی عام ہو کچھ تو

نفرت کی بہت ہو چکی تشہیر جہاں میں
اب رسمِ محبت بھی یہاں عام ہو کچھ تو

الزام لگاؤ کہ سیاہی ملو منہ پر
کچھ ایسا کرو جس سے مرا نام ہو کچھ تو

الفت کی نظر بھی تو ذرا ڈال دیا کر
اس دل کو ترے قرب سے آرام ہو کچھ تو

زندانِ محبت میں اسے قید تو کر لوں
اس دشمنِ جاں پر مگر الزام ہو کچھ تو

محظوظ کروں تم کو مری فکر سے لیکن
وجدان میں اشعار کا الہام ہو کچھ تو

اک موڑ اسے دے کے یہیں چھوڑ دوں لیکن
اے شاؔد اس افسانے کا انجام ہو کچھ تو

شمشاد شاؔد
(٢)
ترے ہاتھوں سے مل جائے اسے دریا سمجھتے ہیں
سمندر کو بھی ورنہ ہم تو اک قطرہ سمجھتے ہیں

جو شئے اپنی نہیں اسکی کبھی حسرت نہ کی ہم نے
جو اپنے پاس ہے اس کو ہی بس اپنا سمجھتے ہیں

میاں تم چھوٹی چھوٹی باتیں لے کر بیٹھ جاتے ہو
جہاں والے کہاں اچھے کو بھی اچھا سمجھتے ہیں

بڑی بیباکی سے وہ شعر رکھ لیتے ہیں اوروں کا
یہاں مفہوم اٹھانے کو بھی ہم سَرقہ سمجھتے ہیں

خود اپنے پاؤں پر کوئی کلہاڑی مارتا ہے کیا
جناب ایسوں کو ہی تو عقل کا اندھا سمجھتے ہیں

بڑے حساس ہوتے ہیں یہ چھوٹے چھوٹے بچے بھی
یہ کچھ سمجھیں نہ سمجھیں ہاں مگر غصہ سمجھتے ہیں

کوئی مجھ سا نہ ہوگا شاؔد اس دنیا میں بدقسمت
میں سیدھا بھی کہوں تو لوگ اسے الٹا سمجھتے ہیں

شمشاد شاؔد
(٣)
جان ہی نہ پائے ہم کب نکل گئے اک دن
اپنے اپنے رستے پر سب نکل گئے اک دن

تونے ساتھ کیا چھوڑا یوں لگا مجھے ہمدم
ہاتھ سے مرے روز و شب نکل گئے اک دن

جن پرندوں کو اڑنا میں نے خود سکھایا تھا
ایک ایک کر کے وہ سب نکل گئے اک دن

ہر کوئی ہوا سیراب، آپ ہی نہ جانے کیوں
راہِ عشق سے تشنہ لب نکل گئے اک دن

سادگی تھی جینے میں، مشک تھی پسینے میں
حیف جینے کے کیا کیا ڈھب نکل گئے اک دن

زندگی بتانی تھی شاؔد اس کے قدموں میں
لی نہ جو خبر اس نے تب نکل گئے اک دن

شمشاد شاؔد

Rate it:
Views: 1368
06 Jun, 2021
Related Tags on General Poetry
Load More Tags
More General Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets