دے کر خرد کا تاج بنایا گیا اسے
تاروں کی انجمن میں سجایا گیا اسے
تنہائی افلاک میں ویراں تھی مشت خاک
وہ مشت خاک لے کے تراشا گیا اسے
سب جنتیں بنائی گئیں اسکے واسطے
پھر ایک دن جنت سے نکالا گیا اسے
شعلوں میں کبھی آندھیوں میں بھٹکتی رہی
موج حیات دہشتوں کو دیکھتی رہی
تاریخ بتاتی ہے کہ کیا کرتی ہے دنیا
یعقوب سے یوسف کو جدا کرتی ہے دنیا
سقراط کو سچ کی سزا پہ زہر پلایا
منصور کو ہر دور نے صولی پہ چڑھایا
پیدا ہوئے فرعون کئی نمرود بھی آئے
مٹی کے ہی خود ساختہ معبود بھی آئے
اس ظلم نے چھوڑا نہ پیغمبر کے بھی گھر کو
نیزے میں پرویا گیا شبیر کے سر کو
اپنوں کے گھروں کو ہی جلاتا رہا انسان
انسانیت کا خون بہاتا رہا انسان
جو روز ازل لکھا وہ پیمان کہاں ہے
جو درد تھا انسان کی پہچان کہاں ہے
آتے ہیں نظر مجھ کو بھی یہ مٹی کے پتلے
جو تیرا خلیفہ تھا وہ انسان کہاں ہے
یکم مئی کے حوالے سے لکھی گئی نظم کا پہلا حصہ