کبھی تو بھولے سے ہو جائے مہرباں مجھ پر
Poet: dr.zahid Sheikh By: Dr.Zahid Sheikh, Lahore Pakistanکبھی تو بھولے سے ہو جائے مہرباں مجھ پر
تو ساری مشکلیں ہو جائیں گی آساں مجھ پر
ہر ایک شخص ہے میرے ہی خون کا پیاسا
خفا ہوں جیسے زمیں اور آسماں مجھ پر
ہوا ہوں پیار کے جذبوں کا ترجماں جب سے
غضب میں کھلتی ہے ہر شخص کی زباں مجھ پر
یہ اور بات کہ ان کو بیاں نہیں کرتا
حقیقتیں تو زمانے کی ہیں عیاں مجھ پر
میں تجھ کو دیتا تو آسائشیں جہاں بھر کی
یہ زندگی مری آساں رہی کہاں مجھ پر
کسی کو کیسے میں سمجھاؤں اپنا آپ بھلا
کرے نہ تو بھی جو اچھا کوئی گماں مجھ پر
میں علم میں جو نئے انکشاف کرتا ہوں
بہت سے ہوتے ہیں نالاں تو کچھ حیراں مجھ پر
جدائی اس کی قیامت سے کم نہیں زاہد
کڑا نہ اس سے تھا کوئی بھی امتحاں مجھ پر
More General Poetry






