کس قدر دنیا میں تنہا ہو گئے

Poet: dr.zahid Sheikh By: Dr.Zahid Sheikh, Lahore Pakistan

پیڑ سے اب ایک تنکا ہو گئے
کل کے ارفع آج ادنیٰ ہو گئے

اپنی ہستی پر کوئی نازاں ہو کیوں
ابر آخر موج دریا ہو گئے

مفلسی میں ہیں کہاں عشرت کے یار
رونق محفل تھے عنقا ہو گئے

اڑ چکا ہے رنگ الفت شہر سے
لوگ کل تھے کیا مگر کیا ہو گئے

کم ہی ملتے ہیں کسی سے ، جب سے ہم
اس زمانے سے شناسا ہو گئے

اک ستم گر ہی کہا ، کیا جھوٹ ہے ؟
آپ برہم ہم پہ بے جا ہو گئے

جب مسیحا نہ ملا کوئی انھیں
زخم خود اپنا مداوا ہو گئے

جب سے چاہا ہے تجھے اے دوست ہم
کس قدر دنیا میں تنہا ہو گئے

Rate it:
Views: 701
18 Jan, 2013