کہاں ہیں ان کے محل اور شہنشاہی وہ تاج

Poet: Dr.Zahid Sheikh By: Dr.Zahid sheikh, Lahore Pakistan

یہ اونچ نیچ کی دنیا یہ نفرتوں کا سماج
ابھی بھی کل کے مسائل ہر ایک سمت ہیں آج

نصیب آج بھی مزدور کا نہیں بدلا
ہے آج بھی تو صنعت کار کا جہان میں راج

یہاں غریب کو جینے کا کوئی حق ہی نہیں
ہیں مفلسوں کے لیے تلخ سارے رسم و رواج

وہ ایک شخص جسے ظالموں نے مار دیا
اب اس کا خون کرے گا وصول اپنا خراج

بگاڑ ملک کا یہ حکمران ٹھیک کریں ؟
بھلا عطائی کرے کس طرح مرض کا علاج

وطن سے پیار وطن کا وجود رکھتا ہے
اگرچہ اس کی حفاظت کو ہوتی ہیں افواج

زمانہ نوچ گیا بادشاہوں کی شاہی
کہاں ہیں ان کے محل اور شہنشاہی وہ تاج

نصیب ہو گی اسے رہنمائی عالم کی
وہ قوم جس کے بھی ہاتھوں میں علم کا ہے سراج


 

Rate it:
Views: 839
19 Aug, 2013