ہر شے میں ہے تغیر جو ہر پل جدا ملے
تکیہ ہو کیوں کسی پر جو پل میں فنا ملے
پل میں کہیں بہار تو پل میں خزاں ملے
پل میں ہوا کا رخ بھی بدلتا ہوا ملے
پل میں کہیں خوشی ہو تو ماتم بھی ہو کہیں
پل میں ملے فراخی تو پل میں لٹا ملے
پل میں کوئی ہو شاہ تو محکوم ہو کوئی
کوئی ملے امیر تو پل میں گدا ملے
مغرور ہو کوئی یا ستمگر بھی ہو کوئی
پل میں کسی کا ہوش تو اڑتا ہوا ملے
ہے آرزو طویل تو پل کی خبر نہیں
جلتا ہوا چراغ بھی پل میں بجھا ملے
ٹوٹے نہ دل کسی کا وہ ہر پل کِھلا ملے
اٌس آئینہ کی قدر تو دل میں سِوا ملے
دل اثر کا لگے تو تغیر نہ جن میں ہو
بس خیر کے امور میں ہر پل لگا ملے