پاکستانی نژاد فیض شاکر، برنی سینڈرز مہم کے مینیجر

ریاست ورمونٹ کے سینیٹر اورڈیموکریٹ جماعت کی جانب سے صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں شامل سینیٹر برنی سینڈرکو اپنی جماعت کے باقی تمام امیدواروں پر ابھی تک سبقت حاصل ہے۔ سینیٹر سینڈرز کی حالیہ کامیابی کی ایک وجہ ان کی صدارتی مہم کے منتظم فیض شاکر ہیں، جو کہ ایک پاکستانی نژاد امریکی ہیں۔

اکیالیس سالہ شاکر، کسی بھی بڑی جماعت کی صدارتی مہم کی نظامت سنبھالنے والے پہلے پاکستانی امریکی اور پہلے مسلمان کیمپین مینیجر ہیں۔ شاکر نے فروری 2019 میں برنی سینڈرز کی مہم میں شمولیت اختیار کی۔ اس سے پہلے وہ کیپیٹل ہل اور غیر منافع بخش شعبے میں لبرل یعنی آزاد خیال مقاصد کے لئے کام کرتے رہے ہیں۔

برنی سینڈرز کی صدارتی مہم میں شمولیت سے پہلے، شاکر نے شہری آزادیوں کیلئے کام کرنے والی تنظیم، امیریکن سول لبرٹیز یونین کے نیشنل پولیٹیکل ڈائیریکٹر کے طور پر کام کیا تھا۔ انہوں نے دو سال سے کچھ اوپر عرصے کیلئے اس منصب پر کام کیا اور اس تنظیم کی پیپل پاور نامی ویب سائٹ کے اجرا میں مدد دی۔

شاکر نے سن 2013 سے لے کر سن 2017 تک اس وقت کے سینیٹ کے اکثریتی لیڈر سینیٹر ہیری ریڈ کے لئے کام کیا تھا اور کچھ عرصے تک اس وقت ایوانِ نمائندگان کی سپیکر نینسی پیلوسی کے ساتھ بھی کام کیا۔

شاکر سن 2005 سے لے کر سن 2012 تک آزاد خیال تھنک ٹینک سینٹر فار امیریکن پروگریس کے ساتھ وابستہ رہے جہاں انہوں نے تھنک پروگریس نامی نیوز بلاگ شروع کرنے میں مدد کی۔

شاکر کا تعلیمی پس منظر بھی بہت شاندار ہے۔ انہوں نے جارج ٹاؤن یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی جب کہ بی اے ہاررڈ یونیورسٹی سے کیا۔ شاکر کی شادی سارہ ملر سے ہوئی جو خود بھی ایک وکیل ہیں۔

ایک مسلمان کی حیثیت سے وہ شراب سے گریز کرتے ہیں اور سگریٹ بھی نہیں پیتے۔ وہ بیس بال کے کھیل کو بہت پسند کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کھیل کی بدولت انہیں بچپن میں مختلف ثقافتی پس منظر رکھنے والے دیگر بچوں سے میل جول کا موقع ملا، جس کی بدولت وہ ایک موثر کیمپن مینجر بن سکے۔

ان کا کہنا ہے کہ بیس بال کا کھیل ان کی طرز سوچ اور نظم و نسق کرنے میں مدد گار ثابت ہوا ہے۔ شاکر نے پے ڈے رپورٹ کو ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ہم سب کو اپنا کردار سمجھنے کی ضرورت ہے اور یہ کہ کیسے ہم کسی مقصد کی مجموعی کامیابی کا حصہ بن سکتے ہیں۔

شاکر کی ہدایت پر، سینڈرز کی مہم نے صرف ماہ جنوری میں 25 ملین ڈالر اکھٹے کئے۔ سینیٹر برنی سینڈرز ڈیموکریٹ جماعت کی جانب سے اس وقت حتمی صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں سبقت لیے ہوئے ہیں۔


 

WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.