نیوالنی کی زندگی کو کچھ ہوا تو روس اور پیوٹن کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا، فرانس کا انتباہ

ویب ڈیسک — فرانس نے کہا ہے کہ اگر روس میں حزب اختلاف کے راہنما الیگسی نیوالنی کی موت واقع ہو گئی تو روس اور صدر ولادی میر پیوٹن کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

یہ بات فرانس کے وزیر خارجہ ژاں ژیو یودگیاں نے جمعرات کے روز ایک ٹیلی وژن انٹرویو میں کہی۔

فرانسیسی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ہم ضروری پابندیاں عائد کریں گے اور اس کے ذمہ دار مسٹر پیوٹن اور روسی حکام ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فرانس کو اس حد تک نہیں جانا پڑے گا۔

امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیون نے بھی سی این این کے ساتھ اتوار کو گفتگو کرتے ہوئے اسی طرح کے خیالات کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے متنبہہ کیا تھا کہ نیوالنی کی موت کے نتائج بھگتنا ہوں گے تاہم انہوں نے وضاحت نہیں کی کہ کس طرح کے نتائج کا سامنا روس کو کرنا پڑ سکتا ہے۔

روس میں حزب اختلاف کے راہنما نیوالنی کو جنوری میں جرمنی سے وطن واپسی پر گرفتار کر لیا گیا تھا۔ نیوالنی پانچ ماہ تک جرمنی میں مقیم رہے تھے جہاں ان کا زہریلی، اعصاب شکن گیسوں کا شکار ہونے کے بعد علاج کیا گیا۔ بعد میں وہ صحتیاب ہو کر روس واپس چلے گئے تھے۔ نیوالنی نے زیریلی گیسوں کے ذریعے حملے کا الزام روسی حکومت پر لگایا تھا۔ روس کے حکام ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔

حزب اختلاف کے رہنما نیوالنی نے، جو روسی صدر پیوٹن پر متواتر تنقید کرتے آ رہے ہیں، تین ہفتوں سے بھوک ہڑتال کر رکھی ہے اور ان کی صحت مسلسل گر تی جارہی ہے۔

نیوالنی کے حامی اپنے رہنما کی رہائی کے مطالبے کے ساتھ سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں۔

پولیس نے 1700 سے زیادہ نیوالنی کے حامی مظاہرین کو بدھ کے روز گرفتار کر لیا تھا یہ لوگ روس کے مختلف شہروں میں مظاہرے کر رہے تھے۔


 

WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

55