’کبھی سوچا نہ تھا کہ بالی وڈ میں 30 سال مکمل کر پاؤں گا‘

image
بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ وہ ہندی سنیما میں طویل عرصے تک کام کر پائیں گے۔

انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق بالی وڈ میں اداکار شاہ رخ خان کے انڈسٹری میں 30 سال مکمل ہوگئے ہیں۔

کنگ خان نے اپنے کیریئر کا آغاز 1992 میں فلم ’دیوانہ‘ سے کیا تھا جس کے بعد انہوں نے کئی فلموں میں کام کیا۔

اداکار اکشے کمار سے لے کر رنویر سنگھ، سلمان خان سے لے کر عامر خان سب نے کامیابیاں دیکھی ہیں لیکن ان میں سے کسی نے بھی شاہ رخ خان کی طرح اجارہ داری برقرار نہیں رکھی۔

شاہ رخ خان مارکیٹنگ یا باکس آفس پر کامیابی کی وجہ سے سپرسٹار نہیں بنے بلکہ ان کو جس چیز نے شائقین کا پسندیدہ ہیرو بنایا وہ ان کا حقیقت میں ڈھل جانا ہوتا ہے۔

سنیچر کو انسٹاگرام لائیو میں کنگ خان نے بتایا کہ ’انہوں نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ وہ بالی وڈ میں 30 سال تک رہ پائیں گے۔‘

56 برس کے شاہ رخ نے اداکاری کا آغاز ٹیلی ویژن شو ’فوجی اور سرکس‘ سے کیا تھا۔

انہوں نے انسٹاگرام لائیو میں بتایا کہ وہ ممبئی اس امید کے ساتھ آئے تھے کہ ’وہ ایک سال دو سال تک کام کر لیں گے اور پانچ سے سات فلمیں کرلیں گے۔‘

شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ ’ایسا لگتا ہے جیسے میں نے کل ہی کام شروع کیا ہو۔‘

ان کے مطابق ’میں ہمیشہ سوچتا تھا کہ میں میڈیا میں کوئی نوکری ڈھونڈ لوں گا اور یا فلم سے منسلک کچھ کر لوں گا۔‘

کنگ خان نے اپنے کیریئر کا آغاز فلم ’دیوانہ‘ سے کیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

شاہ رخ خان نے مزید کہا کہ وہ اکثر سوچتے کہ اگر ان کو بطور اداکار کام نہیں ملا تو وہ کسی سیٹ پر کام کر لیں گے۔

شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ انہیں فلمیں بنانے کا عمل پسند ہے اور ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ فلم میں کچھ نیا پیش کریں۔

شاہ رخ خان نے اپنے کیریئر میں لازوال فلمیں دی ہیں جنھوں نے باکس آفس پر دھوم مچائی ہے۔

لیکن گزشتہ چند سالوں میں شاہ رخ خان کی فلمیں خاطر خواہ بزنس نہیں کرپائیں جس کے باعث کنگ خان کو ایک لمبا وقفہ لینا پڑ رہا ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.