bbc-new

بیٹی نے جعلی عامل کے ساتھ مل کر ماں سے 14 کروڑ ڈالر کے فن پارے اور نقدی لُوٹ لی

برازیل میں ایک خاتون نے ایک عامل کے ساتھ مل کر اپنی ماں کو دھوکہ دیا اور 14 کروڑ ڈالر سے زیادہ مالیت کے فن پارے، نقدی اور زیورات ہتھیا لیے۔
Policia Civil investigator and a delegate hold artist Tarsila do Amaral
Reuters
پولیس کے مطابق ٹارسیلا کی ایک پینٹنگ کی قیمت کروڑوں ڈالر کی ہے

برازیل میں پولیس نے ایک خاتون کو اس شبے میں گرفتار کیا ہے کہ اس نے ایک جعلی عامل کے ساتھ مل کراپنی ماں کو دھوکہ دیا اور14 کروڑ ڈالر سے زیادہ مالیت کے فن پارے، نقدی اور زیورات ہتھیا لیے ہیں۔

مبینہ طور پر متاثرہ خاتون برازیل کے آرٹ جمع کرنے والے شوقین افراد میں سے ایک کی بیوہ ہے۔

ان کی بیٹی پر یہ الزام لگایا گیا ہے کہ انھوں نے آرٹ ورک چوری کرنے کے لیے ایک عامل کا استعمال کیا اور فن پاروں کو منحوس قرار دلوایا۔

ایک پینٹنگ برازیل کے سب سے مشہور فنکار کی تھی اور مبینہ طور پر ایک بستر کے نیچے چھپائی گئی تھی۔

ریو ڈی جنیرو کی پولیس اور مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ سکینڈل 2020 میں اس وقت شروع ہوا جب متاثرہ خاتون کو ایک جعلی عامل نے بتایا کہ اس کی بیٹی بیمار ہے اور اسے علاج کے لیے پیسے دینے پر راضی کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس کے بعد کے کئی مہینوں تک بیٹی اور ایک ساتھی جعلی عامل نے ’یہ کہہ کر گھر سے آرٹ ورک لینا شروع کیا کہ پینٹنگ پر کسی منفی چیز کے اثرات ہیں اور اس منفی توانائی کو زائل کرنے کے لیے اس پر دعا کی ضرورت ہے۔ ‘

پولیس نے بتایا کہ اس دھوکے میں خاتون کے کئی ساتھی شامل تھے۔

بیٹی اور دیگر ملزمان نے مبینہ طور پر متاثرہ خاتون کے ساتھ بدسلوکی کی اور انھیں مہینوں تک گھر تک محدود رکھا۔

پولیس افسر گلبرٹو ریبیرو نے روئٹرز کو بتایا، ’انھوں نے 16 پینٹنگز لیں، جس میں مشہور برازیلی فنکاروں کے کام بھی شامل ہیں۔‘

یہ بھی پڑھیے

ایک بہروپیا جو زمیندار کا بیٹا بن کر 41 سال تک ان کے گھر میں رہتا رہا

وہ عامل جو جڑی بوٹیوں سے ’بُری قسمت، نظربد اور بےوفا شوہر کا علاج‘ کرتے ہیں

بیٹے کی خواہش، عامل کے کہنے پر سر میں کیل ٹھونکنے والی خاتون کے خاندان کا سراغ مل گیا

’جادوگرنی کے شکاریوں‘ نے ماں اور چار بچوں کو قتل کر دیا

ایک اور افسر نے مزید بتایا ’ابتدائی جانچ سے ہمیں یہ پتا چلا ہے کہ ضبط شدہ پینٹنگز کی تمام خصوصیات مستند پینٹنگز جیسی ہی ہیں۔‘

ایک مشہور برازیلین ماڈرنسٹ پینٹر کی ’ترسیلا ڈو امرال‘ نامی فن پارے کے تین حصے بھی چوری کر لیے گئے، جن کی مجموعی مالیت پولیسکے مطابق 13 کروڑ 76 لاکھ ڈالر سے زائد ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق، سول پوینٹے کی ایک پینٹنگ مشتبہ شخص کے بستروں میں سے ایک کے نیچے سے ملی تھی، جبکہ دیگر فن پارے مبینہ طور پر آرٹ گیلریوں کو فروخت کیے گئے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سات افراد پر برسوں سے جرائم میں ملوث ہونے کا شبہ ہے اور ان پر غبن، ڈکیتی، بھتہ خوری، جھوٹی قید اور مجرمانہ ایسوسی ایشن کے الزامات کا سامنا ہے۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.