تتلی قفس میں قید صبا ڈھونڈھتی رہی
Poet: بانو صایمہ By: مصدق رفیق, Karachiتتلی قفس میں قید صبا ڈھونڈھتی رہی
 میں شہر ننگ میں بھی ردا ڈھونڈھتی رہی
 
 وہ تتلیوں میں مست بہت مطمئن سا تھا
 جس کو چمن میں میری صدا ڈھونڈھتی رہی
 
 رت کی طرح مزاج بدل کر چلا گیا
 وہ بے وفا تھا اس میں وفا ڈھونڈھتی رہی
 
 تخت منافقت پہ وہی حکمران تھا
 بہر خلوص جس کو سدا ڈھونڈھتی رہی
 
 جوش جنوں کے ہاتھ جسے دان کر چکی
 پھر میں ضرورتاً وہ انا ڈھونڈھتی رہی
 
 دل پر لگے جو زخم کہاں مندمل ہوئے
 میں شہر شہر پھرتی دوا ڈھونڈھتی رہی
 
 بستی میں ایک بھی نہ وفادار مل سکا
 میں در بدر بھٹکتی وفا ڈھونڈھتی رہی
 
 سیل بلا بھنور میں جہاں چھوڑ کر گیا
 میں ناخدا کے ساتھ خدا ڈھونڈھتی رہی
 
 دیوار دل سے میری چرا کے وہ لے گیا
 جگ مگ سی روشنی وہ دیا ڈھونڈھتی رہی
 
 میری ہتھیلیوں پہ رچے زخم زخم رنگ
 بانوؔ میں ان میں بوئے حنا ڈھونڈھتی رہی
  
More Love / Romantic Poetry






