محبت کا اظہار شاعری
Poet: بیدم شاہ وارثی By: ہارون فضیل, Karachiکھینچی ہے تصور میں تصویر ہم آغوشی
 اب ہوش نہ آنے دے مجھ کو مری بے ہوشی 
 
 پا جانا ہے کھو جانا کھو جانا ہے پا جانا 
 بے ہوشی ہے ہشیاری ہشیاری ہے بے ہوشی 
 
 میں ساز حقیقت ہوں دم ساز حقیقت ہوں 
 خاموشی ہے گویائی گویائی ہے خاموشی 
 
 اسرار محبت کا اظہار ہے نا ممکن 
 ٹوٹا ہے نہ ٹوٹے گا قفل در خاموشی 
 
 ہر دل میں تجلی ہے ان کے رخ روشن کی 
 خورشید سے حاصل ہے ذروں کو ہم آغوشی 
 
 جو سنتا ہوں سنتا ہوں میں اپنی خموشی سے 
 جو کہتی ہے کہتی ہے مجھ سے مری خاموشی 
 
 یہ حسن فروشی کی دوکان ہے یا چلمن 
 نظارہ کا نظارہ روپوشی کی روپوشی 
 
 یاں خاک کا ذرہ بھی لغزش سے نہیں خالی 
 مے خانۂ دنیا ہے یا عالم بے ہوشی 
 
 ہاں ہاں مرے عصیاں کا پردہ نہیں کھلنے کا 
 ہاں ہاں تری رحمت کا ہے کام خطا پوشی 
 
 اس پردے میں پوشیدہ لیلائے دو عالم ہے 
 بے وجہ نہیں بیدمؔ کعبے کی سیہ پوشی
More Love / Romantic Poetry






