پھر دل میں جو خوشیوں کا سماں ہو تو بتانا
اخلاص کا جذبہ یہ جواں ہو تو بتانا
دنیا میں محبت سے شناسائی مبارک
مجھ سا بھی کوئی شیریں بیاں ہو تو بتانا
تم میری وفاؤں کے طلبگار رہے ہو
پھر دل میں وہ چاہت کا گماں ہو تو بتانا
ان جھیل سی آنکھوں میں کبھی غور سے دیکھو
دریا کہیں ایسا بھی رواں ہو تو بتانا
جس پیڑ کی دیوار پہ لکھی تھی محبت
اس پیڑ کی چھاؤں میں خزاں ہو تو بتانا
بوسیدہ کتابوں میں یہ کیا ڈھونڈ رہا ہے
ان میں بھی کوئی میرا نشاں ہو تو بتانا
قندیل وفا بن کے سلگتی میں رہی ہوں
وشمہ تری آنکھوں میں دھواں ہو تو بتانا