کبھی اس سے ماتھا لگا کر تو دیکھو
Poet: توقیر اعجاز دیپک By: نبیلہ انجم, Abbottabadکبھی اس سے ماتھا لگا کر تو دیکھو
فلک کوئی سر پہ اٹھا کر تو دیکھو
پلک بھی جو جھپکوں تو اندھا ہو جاؤں
حِجابوں سے باہر تم آ کر تو دیکھو
مرا عشق بھی طور سے کم نہیں ہے
مجھے اِک تجلّی دِکھا کر تو دیکھو
فلک چِیر کر جو پہنچ جاۓ اس تک
صدا کوئی ایسی لگا کر تو دیکھو
اندھیروں کا بھی کچھ الگ ہی سکوں ہے
کبھی دِیپ سارے بجھا کر تو دیکھو
بہت کر لیا تم نے کعبے کو سیدھا
ذرا آج سجدے میں جا کر تو دیکھو
میں زم زم سمجھ کر نہ پی لوں تو کہنا
ہَلاہل سہی ، تم پلا کر تو دیکھو
تری دھڑکنیں ساتھ دیتی ہیں کتنا ؟
چلو آج اس کو بھلا کر تو دیکھو
تو زندہ بھی ہے یا کہیں مر گیا ہے؟
ذرا خود کو دیپک ہِلا کر تو دیکھو
More Love / Romantic Poetry






