کب پھول کھلیں شغل چھڑے جامہ دری کا
Poet: مشتاق By: مشتاق, Chiniotکب پھول کھلیں شغل چھڑے جامہ دری کا
دیوانوں کو چسکہ ہے اسی خوش خبری کا
سوئے تھے سر شام کھلی پچھلے پہر آنکھ
منہ دیکھ کے اٹھے ہیں چراغ سحری کا
کچھ اپنی طرف میری نگاہوں سے بھی دیکھو
اس رخ سے بھی اک باب کھلے خود نگری کا
ناساز ہوائے پر پرواز نہ ہو جائے
موسم تو گیا خیر سے بے بال و پری کا
یہ چاند یہ سورج یہ اندھیرا یہ اجالا
منہ دیکھ رہا ہے سفری ہر سفری کا
قائم نہیں رہتی ہیں کسی شے پہ نگاہیں
اب کوئی ٹھکانا ہے پریشاں نظری کا
فطرت ہی سے ملتی ہے رضاؔ داد سخن بھی
جب فرض ادا ہوتا ہے پیغامبری کا
More Love / Romantic Poetry






