ہر ایک بات پہ تم خوش رہو تو اچھا لھے

Poet: Anwar Kazimi By: Anwar Kazimi, mississauga, Canada

ہر ایک بات پہ تم خوش رہو تو اچھا لگے
تم اسکے ظلم بھی ہنس کر سہو تو اچھا لگے

چلے ہو سیرِ چمن کو مثالِ نکہتِ گلُ
ہو ا کا ہاتھ بھی گر تھام لو تو اچھا لگے

نظر بچا کے مرِی سمت چور آ نکھوں سے
تم اب بھی پیار سے دیکھا کرو تو اچھا لگے

یہ آرزو ہے کہ اِک بار اجنبی بن کر
ہمارے شہر میں کچھ دن رہو تو اچھا لگے

غلط سی بات ہو میری ، مگر مرِی خاطر
ہر ایک بات پہ " اچھا" کہو تو اچھا لگے

زبانِ خلق جو کہتی ہے غائبانہ تمہیں
وہ بات تم بھی اگر مان لو تو اچھا لگے

سبھی کی متفقہ رائے ہے کہ انور میاں
جو تھوڑی دیر کو تم چپ رہو تو اچھا لگے

Rate it:
Views: 515
26 Sep, 2014