اب زمانہ نہیں ہے وحشت کا

Poet: rehan abbas By: rehan , lahore

یوں تو امکاں نہیں محبت کا
کوئی کیا کر لے دل کی عادت کا

زخمِ جاں کا علاج مت کیجیو
میں تو رسیا ہوں اس اذیت کا

کاش تو دل میں جھانک کر دیکھے
لفظ کافی نہیں محبت کا

اب تو دھڑکن بھی سوچ کر بولے
اب زمانہ نہیں ہے وحشت کا

دل بھی کھوٹا زبان بھی پھیکی
رابطہ ہے فقط مروت کا

ایک خالی مکان میرا وجود
منتظر ہے تری سکونت کا

کل کی کس کو خبر کہاں ہوں ہم
ہے غنیمت یہ وقت قربت کا

Rate it:
Views: 410
10 Apr, 2012