ذکر تیرا نہ کریں گے نہ تجھے سوچیں گے
اب نہ تنہائی میں تیرے لیے ہم روئیں گے
اب وفائیں ہیں نہ پہلی سی فضائیں باقی
تیری زلفوں کی نہ اب وہ ہیں گھٹائیں باقی
زندگی تیری محبت میں پریشان ہوئی
رہ گئیں صرف وفاؤں کی سزائیں باقی
زخم جو تو نے محبت کے دیے دھو لیں گے
اب نہ تنہائی میں تیرے لیے ہم روئیں گے
کس قدر ٹوٹ کے چاہا تھا تجھے ہرجائی
اپنی چاہت کی تو بس تجھ سے سزا ہی پائی
اتنی شدت سے تجھے کاش نہ چاہا ہوتا
اور کچھ بھی نہ ملا ہم کو ملی رسوائی
کیا خبر تھی یوں ترے غم میں کبھی تڑپیں گے
اب نہ تنہائی میں تیرے لیے ہم روئیں گے
مل ہی جائے گی کبھی پیار کی محفل کوئی
کل پکارے گی نئی اور ہی منزل کوئی
تو نے تو سونپ دیا ہے ہمیں طوفانوں کو
پا ہی لیں گے جو مقدر میں ہے ساحل کوئی
غم کے اس گہرے سمندر سے نکل جائیں گے
اب نہ تنہائی میں تیرے لیے ہم روئیں گے