اس وقت تلک زلف وہ تسخیر نہ ہوگی
Poet: ندیم مراد By: ندیم مراد, umtata RSAاس وقت تلک زلف وہ تسخیر نہ ہوگی
 جب تک کہ سخن میں ترے تاثیر نہ ہوگی
 
 کب عشق میں چپ رہنے سے ملتے ہیں مراتب 
 گو کارگر اس راہ میں تقریر نہ ہوگی
 
 تصویر تری دیکھوں بہ امید کہ اک روز
 تُو سامنے ہوگا تری تصویر نہ ہوگی
 
 جب کیفیتِ جزب نہ ہوگی ترے دل میں
 کچھ شعلہ بیانی میں بھی تاثیر نہ ہوگی
 
 پنچھی ہی سہی تنکے جمع کرنے پڑیں گے
 بن خواب کے تو خواب کی تعبیر نہ ہوگی
 
 کاغذ پہ قلم سے یوں لکیریں نہ بناؤ
 حق بات ہے جز خون کے تحریر نہ ہوگی
 
 روئیں گے وہ تقدیر کو خوناب ہمیشہ
 معلوم جنہیں طاقتِ تدبیر نہ ہوگی
 
 یہ سوچ کے لکھتے تھے کہ سمجھے نہ کوئی بات
 آسان ہے اب اتنی کہ تفسیر نہ ہوگی
 
 نقاش کرے رنگوں سے گلکاریاں جتنی
 نقاشِ ازل کی بنی تصویر نہ ہوگی
 
 خونابہ فشانی ہے یہ، مت شاعری سمجھو
 ہر چند کِلک شکل میں شمشیر نہ ہوگی
More Love / Romantic Poetry






