جنوں تھا عشق تھا تجھ سے بڑی محبت تھی
جو شاعری میں لکھی جائے ایسی چاہت تھی
تجھے گنوا دیا حالات کا ستم کہیے
کہ اپنے بیچ میں بس دو قدم مسافت تھی
جو خواب آنکھ نے دیکھا وہ اس زمیں کا نہ تھا
کہ ایسے خواب کی تعبیر تھی تو جنت تھی!
تو کائنات کی وسعت میں رہ گیا تنہا
کہ تیری جیب میں دولت نہ تھی محبت تھی
کسی کے ساتھ میں چلتا تو کس طرح چلتا
کہ پیار کرنا بھی دل سے نہ تھا ضرورت تھی
جسے کرید کے دیکھا وہی ادھورا تھا
اسی لیے مجھے تنہائیوں کی عادت تھی
میں اس جہاں کا نہیں تھا اسی لیے شاید
مری حیات مسلسل مجھے اذیّت تھی