جو سوچتا ہوں اگر وہ ہوا سے کہہ جاؤں
ہوا کی لوح پہ محفوظ ہو کے رہ جاؤں
یہ کیا یقین کہ تو مل ہی جائے گا مجھ کو
تری جدائی کا جاں لیوا دک تو سہہ جاؤں
خود اپنے آپ کو دیکھوں ورق ورق کر کے
کسی کے سامنے جاؤں تو تہہ بہ تہہ جاؤں
کھڑا ہوں صورت دیوار ریگ ساحل پر
ذرا سی موج بھی آئے تو گھل کے بہہ جاؤں
مرے خدا مجھے اظہار کی وہ قدرت دے
مجھے جو کہنا ہے اک لفظ میں ہی کہہ جاؤں
حریف کوشش پرواز ہے یہ موسم برف
میں آشیاں میں ہی پر کھول کھول رہ جاؤں
چٹان بن کے بھی کب تک بچا رہوں گا ریاضؔ
مثال خس ابھی سیل زماں میں بہہ جاؤں