دور رہ کر وہ مرے دل کے قریب آئیں گے
Poet: Azra Naz By: Azra Naz, Reading UKدور رہ کر وہ مرے دل کے قریب آئیں گے
راس اب خوب مجھے میرے نصیب آئیں گے
دِل دیا تھا تو بھلا ہم نے کہاں سوچا تھا
مرحلے عشق میں ایسے بھی عجیب آئیں گے
یہ خبر بھی کسی دُشمن نے اُڑائی ہو گی
کہ وہ پہلوُ میں لیۓ میرا رقیب آئیں گے
ایک اِک لمحہ قیامت کی گھڑی لگتا ہے
جانے کس وقت مِرے دِل کے طبیب آئیں گے
ہو مبارک تجھے محفل کی یہ شان و شوکت
تیری محفل میں نہ اب ہم سے غریب آئیں گے
اڑتی اڑتی سی خبر یہ ہے فضا میں پھیلی
مجھ سے ملنے وہ مرے دِل کے نقیب آ ئیں گے
آپ کا رنگِ خطابت ہے جدا اوروں سے
مانا محفل میں کئی اور خطیب آئیں گے
میں ستاروں سے نہ کیوں گھر کو سجا لوں عذراؔ
مدتوں بعد مِرے آج حبیب آئیں گے
More Love / Romantic Poetry






