دِل میں میرے درد جگاۓ آدھی رات کا پورا چاند
جانے کیا کیا یاد دِلاۓ آدھی رات کا پورا چاند
جانے کیا کیا دیکھا ہوگا ،اس نے سالوں ، صدیوں میں
دِل میں ہے سو بھید چھپاۓ ، آدھی رات کا پورا چاند
کھو جاؤں میں قدرت کے اس دلآویز نظارے میں
مجھ کو یہ احساس دِلاۓ آدھی رات کا پورا چاند
دو اطراف سڑک کے، لمبے سایہ دار درختوں کے
اور بھی کر دے گہرے ساۓ، آدھی رات کا پورا چاند
جن کے بن یہ سارا منظر آج ادُھورا لگتا ہے
کاش انھیں جا کر لے آۓ آدھی رات کا پورا چاند
یوں محسوس ہو سب کچھ نور کی بارش نے دھو ڈالا ہو
جب جب بھی آکاش پہ چھاۓ آدھی رات کا پورا چاند
عذراؔ آج کھڑی ہوں اپنی عمر کے آدھے رستے میں
جانے کیا اب اور دکھاۓ آدھی رات کا پورا چاند