محبت کرنے والوں کی نگاہیں بھی
ہوا میں ڈولتی خوشبو کی صورت میں
اپنے ہونے کی نشانی چھوڑتی ہیں
چاندنی راتوں میں جیسے چاند کی کرنیں
سمندر کے بدن میں نغمگی آباد ہیں
محبت کرنے والوں کے تعلق اور ان کی دوریاں سب سے
انوکھی ہیں
کہ جیسے بے خبر سورج کے حلقے میں
اگرچہ ان گنت تارے کئی سیارگاں ہیں
اور پھر حلقہ بہ حلقہ ان کے اپنے چاند ہیں لیکن
سبھی اک رشتہ بے نام کی ڈوری میں ایسے منسلک ہیں
جس طرح عشاق کی آنکھیں
سنا ہے عورتیں تو
چاہنے والے کی خوشبو
بے کراں انبوہ میں پہچان لیتی ہیں
محبت کی نظر، ملنے سے پہلے جان لیتی ہیں