Add Poetry

قلم کو باب تمنا پہ دھر کے دیکھتے ہیں

Poet: شہزاد قیس By: Shahzad Qais, لاہور

قلم کو بابِ تمنا پہ دَھر کے دیکھتے ہیں
خُمِ فراز سے اِک جام بھر کے دیکھتے ہیں

سفر کے تاروں نے کیا کُوچ کا بتانا تھا
کہ وُہ تو پیروں کو رَشکِ قمر کے دیکھتے ہیں

ہنر ملا ہے جنہیں شاعری کا ، اُن کا نصیب
کہ ہم تو معجزے خونِ جگر کے دیکھتے ہیں

ہر ایک ذات میں اُس کی کوئی نشانی ہے
کرشمے حُسن میں رَب کے ہُنر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے اُس نے یوں اَنگڑائی لی کہ حسرت سے
پری جمال ، کمال اِک بشر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے جب وُہ کبھی نچلا لب چباتے ہیں
تو پھول پنکھڑی کو دُہرا کر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے کروٹیں گنتا ہے چاند ، راتوں کو
کئی ستارے تو چھت پر اُتر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے چال پہ ہے آنکھ ، راج ہنسوں کی
غزال کُوچۂ جاں سے گزر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے بوند جو پانی کی لب کو چھُو کے گری
شراب خانے اُسے آہ بھر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے رُوپ کا دَرپن ہے رَقص کرتا کنول
حسین غنچے اُسے بن سنور کے دیکھتے ہیں

سنا ہے عید کا چاند اُن کی راہ تکتا ہے
خوشی کے دیپ ، قدم خوش نظر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے بادَلوں پہ جب وُہ پاؤں دَھرتے ہیں
تو اَبر کو تو سمندر بپھر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے بس سے ہو باہر اَگر مسیحا کے
تو خاک قدموں کی تجویز کر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے زینہ اُترتا ہے یوں وُہ مست غزال
کہ حرف چٹکلے زِیر و زَبر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے ایک تو چوری کی اِملی کھاتے ہیں
زَباں پہ لیموں کی پھر بوند دَھر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے آئینے سے خاصے بے تَکلُفّ ہیں
سو ہم بھی دُوسری جانب اُتر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے فاختہ کے با اَدب ترانے پر
شجر رُکوع میں بھی دَم خم کمر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے جگنو کوئی زُلف میں رہا شب بھر
ستارے نخرے اَب اُس مفت بر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے مورنی شاگردِ خاص ہے اُن کی
سو مور رَقص اُسی مست گر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے جان کنی مشغلہ ہے ملکہ کا
اِسی بہانے ملاقات کر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے دُھوپ میں بارِش ہے زُلف چہرے پر
خوشی سے اَبر اُسے ہر نگر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے جل پری ، جلتی ہے اُن کے پیروں سے
گڑھے کو گالوں کے چکر بھنور کے دیکھتے ہیں

سنا ہے جب کبھی آزادۂ قبا ہو نگار
نظر جھکا کے قبا ، دیپ گھر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے نُور کا ہالہ ہے بانکی نار پہ یوں
کہ دید خواہ تو بس اُس کو مر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے چُوڑیوں سے دِل کے تار بجتے ہیں
سنا ہے گھنگھرو کو نغمے ٹھہر کے دیکھتے ہیں

حیا کی برق دَرخشاں ہے شوخ آنکھوں میں
جواہرات کرشمے گہر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے مندروں میں اِس لیے نہیں جاتے
کہ بُت بھی سجدے ، مہا بُت کو کر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے دِیویاں اُس کی کنیزِ اَدنیٰ ہیں
خزینے پاؤں تلے خشک و تر کے دیکھتے ہیں

بتوں کا واسطہ دے کر پجاری پہنچے ہُوئے
غبارِ راہ سے دامن کو بھر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے شوخ ، خوشی سے جو کھلکھلا اُٹھے
طلائی جھرنے ہنسی کو ٹھہر کے دیکھتے ہیں

کلی پہ بیٹھی کسی تتلی پر جھکا ہے کوئی
اُجالے جلوے کسی بے خبر کے دیکھتے ہیں

پکار اُٹھتے ہیں یہ نقل ہے حنا کی مری
جو نقش غور سے تتلی کے پر کے دیکھتے ہیں

بدن کی چاندنی کو دُھوپ جب لگاتے ہیں
قمر مریخ کے ، ہالے کمر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے خوشبو کے تالاب میں نہا دھو کر
نسیمِ صبح کو تن زیب کر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے خواب اُنہیں اِس لئے نہیں آتے
کہ خواب سب ہی کسی اَعلیٰ تر کے دیکھتے ہیں

جو خواب دیکھتے بھی ہیں تو صرف شیش مَحَل
سو خود بھی جلوے رُخِ فتنہ گر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے خوشبو کی بارِش ہے گُل بدن کا وُجود
گلاب راستے خوشبو کے گھر کے دیکھتے ہیں

لب اِتنے میٹھے کہ اَنگور اُن کو کھٹا کہیں
وُہ جب شراب کا اِک گھونٹ بھر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے شہد کی بوندوں کے چند پروانے
گلاس پر لگی سرخی پہ مر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے چاندنی سے وُہ حنا لگاتے ہیں
کلی چٹکنے کو پازیب کر کے دیکھتے ہیں

جو اُس کی ظاہری معصومیت پہ واریں دِل
تمام عمر ، ضرر ، بے ضرر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے غنچے کو بوسہ دِیا ہے خوش لب نے
تو ہم بھی وعدے سے اَپنے مکر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے بوسے سے یہ کہہ کے جاں چھڑاتے ہیں
نہیں نہیں اَبھی سب پھول گھر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے سامری بعد اَز ہزار جل تو جلال
طلائی بچھڑے کا دِل دان کر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے ہاتھ پہ جب تتلی وُہ بٹھاتے ہیں
عُقاب اَپنی قبائیں کُتر کے دیکھتے ہیں

حجاب زادی پہ خوشبو کا نُور اُترتا ہے
حریمِ حُسن ستارے سَحَر کے دیکھتے ہیں

وُہ جس پہ مرتا ہے آخر وُہ چیز کیا ہو گا
ہم اُس کے دِل میں کسی دِن اُتر کے دیکھتے ہیں

وُہ خواب ہے کہ فُسوں ، جن ، پری کہ جانِ جُنوں
سب اُس کے حُسن کو تھوڑا سا ڈَر کے دیکھتے ہیں

جلالِ حُسن پہ حیرت سے دَنگ اِہلِ سُخن
قلم زَمین پہ اِہلِ نظر کے دیکھتے ہیں

ہمیشہ زُعم سے اُس پر غزل شروع کی قیس !
ہمیشہ بے بسی پہ ختم کر کے دیکھتے ہیں

شہزاد قیس کی کتاب "لیلٰی" سے انتخاب

Rate it:
Views: 1310
25 Aug, 2013
Related Tags on Love / Romantic Poetry
Load More Tags
More Love / Romantic Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets