محبت مجھ سے کرتے ہو ذرا یہ پھر سے کہہ ڈالو
مرے شعروں پہ مرتے ہو ذرا یہ پھر سے کہہ ڈالو
وہ مہکی مہکی صبحیں اور وہ بہکی ہوئی راتیں
کہو مجھ کو نہیں بھولیں تمھاری دلنشیں باتیں
اکیلے آہ بھرتے ہو ذرا یہ پھر سے کہہ ڈالو
مرے شعروں پہ مرتے ہو ذرا یہ پھر سے کہہ ڈالو
تمھیں کیا یاد ہے مجھ سے کبھی دل کو لگایا تھا
سنا دو پھر سے الفت کا وہ اک نغمہ جو گایا تھا
جدا ہونے سے ڈرتے ہو ذرا یہ پھر سے کہہ ڈالو
مرے شعروں پہ مرتے ہو ذرا یہ پھر سے کہہ ڈالو
تمھارا خوشبوؤں میں ڈوب کر ملنا نہیں بھولا
نئے کپڑے پہن کر پھول سا کھلنا نہیں بھولا
مری خاطر سنورتے ہو ذرا یہ پھر سے کہہ ڈالو