میں تو اس درد کے دریا میں بھی تابندہ ہوں
میرے محبوب سے کہنا کہ ابھی زندہ ہوں
کون کہتا ہے کہ میں ہار گئی ہوں تجھ سے
ہاں مگر عشق کی معراج پہ شرمندہ ہوں
گردشِ وقت کی قیدی ہوں تبھی تو شاہد
ظاہری طور پہ کچھ وقت سے رنجیدہ ہوں
آ مجھے دیکھنے اے دل کہ مسیحا میرے
کس لئے کس کے لئے آج میں نم دیدہ ہوں
کچھ نا بھائے مجھے محفل میں چمن زاروں میں
حسرتِ دل لئے صحراؤں کی گرویدہ ہوں
دل سے نکلی ہے جو وشمہ ترے پر سوز غزل
یہ بتاتی ہے کہ میں عشق میں سنجیدہ ہوں