Add Poetry

نہ میں حسن ہوں نہ جمال ہوں

Poet: wasim ahmad moghal By: wasim ahmad moghal, lahore

نہ میں مال ہوں نہ منال ہوں
کبھی میرے بارے میں سوچنا

نہ میں حُسن ہوں نہ جمال ہوں
کبھی میرے بارے میں سوچنا

نہ یہ ہجر ہے نہ وصال ہے
بس تیرا حسنِ خیال ہے

نہ تہی ہوں میں نہ نہال ہوں
کبھی میرے بارے میں سوچنا

تُو نے درد میرا سنا نہیں
میرا نالہ کوئی رسا نہیں

کیا میں مثلِ آہِ غزال ہوں
کبھی میرے بارے میں سوچنا

اب تو میکدے میں بھی ساقیا
مجھے کوئی بھی نہیں پوچھتا

میں شکستہ جامِ سفّال ہوں
کبھی میرے بارے میں سوچنا

نہ کسی کا مجھ پہ عتاب ہے
نہ ہی کوئی وجہءِ عذاب ہے

اپنی جاں پہ خود ہی وبال ہوں
کبھی میرے بارے میں سوچنا

وہ جو دل میں ہے تیری آرزو
مجھے اپنی جاں سے عزیز ہے

نہ میں رنج ہوں نہ ملال ہوں
کبھی میرے بارے میں سوچنا

وہ جو تیرے دل میں خلش سی ہے
ہے دلیل میرے وجود کی

نہ خواب ہوں نہ خیال ہوں
کبھی میرے بارے میں سوچنا

میں تو ایک لمحہ ہوں جانِ جاں
جو تیرے سبب سےٹھہر گیا

ورنہ ایک گزرا خیال ہوں
کبھی میرے بارے میں سوچنا

میں کہ ایک قطرہءِ اوس ہوں
میری برگِ گل پہ ہے زندگی

میں کہ آئینہءِ جمال ہوں
کبھی میرے بارے میں سوچنا

میں تو سُوزِ دل ہوں اے جانِ من
میری روشنی ہے زمن زمن

میں بھی آپ اپنی مثال ہوں
کبھی میرے بارے میں سوچنا

وہ جو میرے دل میں پیار ہے
وہی تیرے دل پہ غُبار ہے

گویامیں ہی گردِ ملال ہوں
کبھی میرے بارے میں سوچنا

تیری زلف کے ہیں جو پیچ و خَم
کہیں بڑھ کے اُن سےہیں میرے غم

میں بھی ایک اَمرِ محال ہوں
کبھی میرے بارے میں سوچنا

میرے دم سے تیرا وقار ہے
تیرے دم سے مجھ کو قرار ہے

تیرے سُر پہ میں ہی تو تال ہوں
کبھی میرےبارے میں سوچنا

جب سے ہم ملیں ہیں اے مہرباں
تیرا رنگ و رُوپ نکھر گیا

تب سے میں بھی روبہ کمال ہوں
کبھی میرے بارے میں سوچنا

تُو سراپا حسنُ و جمال ہے
تیرا حسن بھی با کمال ہے

میں بھی عشق میں لازوال ہوں
کبھی میرے بارے میں سوچنا

میری شاعری میرافلسفہ
یہ تو فیض ہے تیرے عشق کا

میں تو عکسِ نور ِ جمال ہوں
کبھی میرے بارے میں سوچنا

مجھے تُوسمجھتا ہے جاں بلب
میری نبضیں گنتا ہےروزوشب

میں توتیرےغم میں نڈھال ہوں
کبھی میرے بارے میں سوچنا

تیرے دستِ فیض نے ساقیا
بے طلب بھی کی ہیں سخاوتیں

میں تو اِک سراپا سوال ہوں
کبھی میرے بارے میں سوچنا

Rate it:
Views: 734
07 Dec, 2014
Related Tags on Love / Romantic Poetry
Load More Tags
More Love / Romantic Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets