آسمانوں سے اترتی ہوئی پاگل کرنیں
زندگی کی نوید لے کے مہکتی سانسیں
کلی کلی سے نکلتی ہوئی مہک کا سفر
حصار وقت میں پھولوں کی ریشمی بانہیں
گماں کی حدیں توڑتا ہوا احساس وجود
رخ حیات پہ بکھری ہوئی ساحر زلفیں
حسن کے جلووں سے مخمور جنبش مژگاں
چاند تاروں سی چمکتی ہوئی روشن آنکھیں
مٹھی میں ساری کائنات تھی
وہ بھی کیا خوبصورت رات تھی
ہوا کا خوشبوؤں کے ساتھ وہ چلتے جانا
باغ جنت سے وہ جھرنوں کا اترتے جانا
جابجا رقص سے معمور نور کے ہالے
شمع کا روشنی پھیلا کے پگھلتے جانا
گلاب لمحوں کا وہ پھیلتا ہوا جادو
دل میں انجان دھڑکنوں کا مچلتے جانا
جگنوؤں کا دمکتے چاند کے جانا صدقے
چاندنی کا وہ دریچوں سے بکھرتے جانا
ماورا ماورا سا لگنا ساری ہستی کا
آئینے کا وہ حقیقت سے مکرتے جانا
ہر گھڑی زندگی کی بات تھی
وہ بھی کیا خوبصورت رات تھی