Add Poetry

چلا چل مہلت آرام کیا ہے

Poet: صبا اکبرآبادی By: عابد, Islamabad

چلا چل مہلت آرام کیا ہے
مسافر اور تیرا کام کیا ہے

ہمارا واسطہ ہے ان کے ڈر سے
ہمیں سارے جہاں سے کام کیا ہے

تمہارا حسن تو ہے غیر فانی
ہمارے عشق کا انجام کیا ہے

خدا کا نام لینا چاہتا ہوں
مگر میرے خدا کا نام کیا ہے

سواد شام مے خانہ سلامت
بیاض جامۂ احرام کیا ہے

تم اپنے آئینے سے پوچھ لیتے
ہمارے عشق پر الزام کیا ہے

ہمیں خود راستہ چلنا نہ آیا
فراز و پست پر الزام کیا ہے

سنو اے آشیاں کے خشک تنکو
بہار باغ کا پیغام کیا ہے

خرد کے مسئلے حل کرنے والو
تمہیں میرے جنوں سے کام کیا ہے

خبر خود موج طوفاں کو نہیں ہے
سفینے کا مرے انجام کیا ہے

بہ راہ راست ان کو مانگتا ہوں
تکلف کا دعا میں کام کیا ہے

حد پرواز جب سمٹی تو سمجھے
قفس کیا آشیاں کیا دام کیا ہے

صباؔ ترک محبت کر رہے ہو
محبت سے ضروری کام کیا ہے

Rate it:
Views: 455
15 Feb, 2022
Related Tags on Sad Poetry
Load More Tags
More Sad Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets