کتنا ہے معتبر یہ حوالہ مرے لیے

Poet: yawar azeem By: misbaah mushtaq, rawalpindi

کتنا ہے معتبر یہ حوالہ مرے لیے
سورج لٹا رہا ہے اجالا مرے لیے

محو ِ خرام ہوں میں سر ِ عرش ِ آرزو
دو گام پر ہے عالم ِ بالا مرے لیے

مجھ کو پکارتی ہے پہاڑوں کی سر زمیں
پلکیں بچھا رہا ہے ہمالہ مرے لیے

ہر بت میں دیکھتا ہوں ترا پرتو ِ جمال
مسجد سے کم نہیں ہے شوالہ مرے لیے

پوری نہ ہو گی چاند کو چھونے کی آرزو
دیوار سا ہے چاند کا ہالہ مرے لیے

ساحل کی ریت پر یہ لکیریں عجیب ہیں
دریا نہ لکھ رہا ہو مقالہ مرے لیے

یاور عظیم ترک ِ مراسم کے باوجود
بےتاب ہے وہ چاہنے والا مرے لیے

Rate it:
Views: 413
07 Apr, 2012
More Love / Romantic Poetry